باجوڑ ایجنسی (جیوڈیسک) پاکستان میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ تحصیل ماموند کے علاقے میں ایک بم دھماکے میں قبائلی رہنما ملک منان ہلاک ہوگئے ہیں۔
صحافی کے مطابق اتوار کو باجوڑ ایجنسی میں قائم کنٹرول روم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ واقعہ ترخو کے قصبے میں اس وقت پیش آیا جب ملک منان اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ پہلے سے نصب شدہ بم پھٹنے سے وہ ہلاک گئے جبکہ ان کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔
دھماکے کے بعد زخمی ہونے والے ڈرائیور کو طبی امداد کے لیے باجوڑ کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لیویز اور سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
خیال رہے کہ باجوڑ میں چند ہفتے قبل ہونے والے ایک حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس سے پہلے بھی باجوڑ ایجنسی کے دیگر مختلف علاقوں میں دیسی ساختہ بم حملوں میں متعدد قبائلی رہنما ہلاک ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ باجوڑ میں قبائلوں نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کا ساتھ دینے کا عزم کیا ہے جس کے بعد اس علاقے میں وقتاً فوقتاً قبائلی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
تاہم حالیہ کچھ عرصے سے باجوڑ بشمول مہمند ایجنسی میں شدت پسند کاروائیوں میں تیزی دیکھی جارہی ہے اور چند دن قبل مہمند ایجنسی میں مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے ایک خودکش دھماکے میں 36 لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔