کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیئے: مصباح الحق

Misbah-ul-Haq

Misbah-ul-Haq

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ خاص طور پر کرکٹ پاکستان اور بھارت کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھ کر ہی ملکوں کے تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے لیکن اگر بھارت ایسا نہیں چاہتا تو وہ کیا کر سکتے ہیں۔ “پاکستان ہمیشہ بھارت کے خلاف کھیلنے کو تیار رہا ہے لیکن ہم کیا کر سکتے ہیں کہ اگر وہ نہیں کھیلنے چاہتے۔ اگر بھارت پاکستان کے خلاف آئی سی سی کے ٹورنامنٹ کھیل سکتا ہے تو دوطرفہ سیریز کیوں نہیں۔”

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات ان دنوں انتہائی کشیدگی کا شکار ہے اور گزشتہ ہفتے ہی بھارت کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ انوراگ ٹھاکر نے بھی اپنے ملک کی قیادت کی طرح بھارتی کشمیر میں فوجی ہیڈکوارٹر پر مشتبہ دہشت گرد حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان حالات میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط بحال نہیں ہو سکتے۔

تاہم پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اتوار کو کہا کہ خاص طور پر کرکٹ پاکستان اور بھارت کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان 2008ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں کے بعد سے دوطرفہ کرکٹ روابط معطل ہو گئے تھے لیکن 2012ء میں معمولی بہتری کے بعد پاکستانی ٹیم سیریز کے لیے بھارت گئی تھی۔

2014 ء میں دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے مابین ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت 2015ء سے 2023ء تک چھ دوطرفہ کرکٹ سیریز کھیلی جانی تھیں اور پہلی سیریز کی میزبانی پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں کرنا تھی۔ لیکن گزشتہ سال اس پر بھی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی اور دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ روابط تاحال بحال نہیں ہو سکے ہیں۔