اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے پرامن احتجاج کیخلاف کوئی ایکشن لیا تو اس پر سخت ردعمل آئے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین ہمیں پر امن احتجاج کا حق دیتا ہے، حکومت ہمیں پرامن احتجاج کرنے دے تو کچھ نہیں ہو گا، لیکن اگر حکومت نے کوئی ایکشن لیا تو اس پرسخت ری ایکشن آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چار ماہ سے زائد طویل دھرنا دیا لہٰذا حکومت کو اسی طرح کا موقع دیا جانا چاہیے ۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں جتنی زیادہ کرپشن ہو گی اتنی غربت ہو گی جب کہ پاناما پیپرز کیس پر سب سیاسی جماعتیں اکھٹی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کا احترام کرتے ہیں اور وہ اگر کوئی نئی پارٹی بناناچاہتے توہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔