پاکستانی نژاد اداکار کے خلاف پولیس تحقیقات

Marc Anwar

Marc Anwar

برطانیہ (جیوڈیسک) پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے برطانیہ کے ایک مشہور ٹی وی سیریل میں کام کرنے والے پاکستانی نژاد اداکار مارک انور کے خلاف مبینہ طور انڈیا مخالف نسل پرستانہ ٹویٹس کرنے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

مارک انور نے انڈین لوگوں کے بارے میں ان ٹویٹس کے جاری کرنے پر معذرت کی ہے جنہیں برطانوی ٹی وی چینل آئی ٹی وی ’نسل پرستانہ‘ قرار دیا تھا۔

انہیں مبینہ انڈیا مخالف ٹویٹس کے میڈیا میں آنے پر آئی ٹی وی کے ڈرامہ سیریز ’کورونیشن سٹریٹ‘ سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ انہیں خود پر بہت غصہ ہے اور وہ کسی بھی ایسے شخص سے معذرت خواہ ہیں جس کی دل آزاری ہوئی ہو۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ جو کچھ کشمیر میں ہو رہا ہے وہ ان کے لیے بہت تکلیف دہ تھا، اس سے انہیں بہت تکلیف پہنچی تھی۔

’کورونیشن سٹریٹ‘ کا شمار برطانیہ کی مشہور ٹی وی سیریز میں ہوتا ہے۔ پیر کے روز گریٹر مانچسٹر پولیس نے کہا کہ انہیں نفرت انگیزی یا ہیٹ کرائم کے بارے میں رپورٹس موصول ہوئی ہیں جن پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

پاکستان میں پیدا ہونے والے 60 سالہ مارک انور 2014 سے وہ ڈرامہ سیریل’ کورونیشن سٹریٹ‘ میں شریف نذیر کی کردار میں اداکاری کر رہے ہیں۔ آئی ٹی وی کا کہنا ہے کہ مارک انور فوری طور پر ڈارمہ سیریز سے الگ ہو جائیں گے۔

ان کے اصل ٹویٹس میں انڈین لوگوں کے بارے میں مبینہ طور پر نازیبا زبان استعمال کی گئی تھی۔

برطانوی اخبار سنڈے مِرر کی جانب سے شائع کیے گئے انوار کے اکاؤنٹ کے سکرین شاٹس کے مطابق اداکار نے اپنے پیغامات میں پاکستانی وزیرِ اعظم میاں محمد نواز کے انڈین وزیرِاعظم نریندر مودی سے دوستانہ تعلقات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انور نے پاکستانی اداکاروں سے بھی مطالبہ کیا تھا کہ وہ انڈیا میں کام نہ کریں۔

یہ ٹویٹس ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں شدت پسند رہنما برہان وانی کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد وہاں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں جن کے دوران پر اب تک نوے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔