ڈیوزبری برطانیہ (نمائندہ خصوصی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری پیلٹ گن کے استعمال سے سینکڑوں کشمیری نوجوان بچے بوڑھے اور عورتیں زخمی اور بینائی سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے آزادی مانگنے والے کشمیری پر امن احتجاجی مظاہرین پر سٹریٹ فائرنگ سے ستر سے زائد کشمیری نوجوان شہید ہو چکے ہیں اقوام متحدہ اس بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لے۔
یہی وقت ہے کہ ہم بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوجی دہشتگردی ،ظلم، بربریت ، قتل عام اور کشمیری ماؤں بہنوں کی عصمت دری کے خلاف ساری دنیا میں پر امن احتجاج کے زریعے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم دنیا کے سامنے رکھتے ہوئے اپنے پیغام کو مزید واضع کر یں اوراقوام عالم کو اس مسئلہ کے حل کے لئے سوچنے بلکہ اس پر عمل کرنے پر مجبور کروائیں۔
کشمیریوں نے لاکھوں جانوں کے نذرانے دئے لیکن اپنی آزادی کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے اور اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔ ہم ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ شہداء کی قربانیاں انشااللہ ضرور رنگ لائیں گی اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے بے دخل ہونا پڑے گا بھارتی فوج کے انخلا اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل تک ساری دنیا میں مقیم پاکستانی و کشمیری اپنے مظلوم ماوں ، بہنوں، بیٹیوں، بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار ڈیوزبری برطانیہ کی ممتاز سماجی و سیاسی و مذہبی شخصیات میں شامل خواجہ عابد حسین، خواجہ طاہر محمود، خواجہ عمران وہاب، خواجہ فیزان وہاب اور خواجہ عبدالحمید نے نمائندہ کشمیر لنک سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔