واشنگٹن (جیوڈیسک) صومالی ریڈیو سے منسلک ایک صحافی، عبدی عزیز علی حاجی کو موغادیشو میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔
’شبیلے ریڈیو‘ کے سربراہ، ابوبکر شیخ محمود نے بتایا کہ منگل کی رات یکشید ضلع میں دو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے حاجی کو پستول سےگولی مار کر ہلاک کیا۔
محمود نے بتایا کہ وہ چہل قدمی کر رہے تھے، جب اُنھیں نشانہ بنایا گیا۔
محمود کے الفاظ میں ’’وہ آج کام پر نہیں آئے چونکہ وہ چھٹی پر تھے؛ وہ اپنے والد اور رشتہ داروں سے ملنے اُس علاقے میں گئے تھے‘‘۔
شبیلے ریڈیو صومالیہ کے اُن میڈیا اداروں میں شامل ہے جس کے بہت سارے صحافی مارے گئے ہیں۔
سنہ 2007 سے اب تک وہ ادارے سے تعلق رکھنے والا تیرہواں صحافی تھا جنھیں قتل کیا گیا۔ اُن میں سے گیارہ کو گولی ماری گئی، جب کہ دو الشباب کے خودکش حملوں میں ہلاک ہوئے۔