فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف فیصل آباد کے سٹی صدر ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران جو بھی کہا وہ سب مذاق تھا اور کسی کے مذاق کو سنجیدگی کیساتھ لینا افسوسناک ہے۔
عوامی تحریک کی جانب سے مارچ میں علامتی شرکت بھی نہ کرنے کا اعلان افسوسناک ہے اور ان کا یہ اعلان چوروں’ ڈاکوئوں’ رسہ گیروں اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو تحفظ دینے کا باعث بن سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی کے رہنما ٹی او آرز کے معاملے پر ہر طریقے سے ساتھ دینے کا عزم کا اعادہ کرتے رہے مگر اچانک وہ بھی پھسل گئے تاہم تحریک انصاف ہر قیمت پر رائیونڈ جائے گی اس کے لیے ہمیں کسی کے ساتھ کی کوئی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی لوٹ مار کا یہ حال ہے کہ قومی خزانہ آج ”بھاں، بھاں” کر رہا ہے مگر جتنا انہوں نے لوٹنا تھا لوٹ لیا اب ان کو اس کا پورا پورا حساب دینا ہو گا اور اس معاملے میں تحریک انصاف کو 20کروڑ عوام کی مکمل حمایت وسپورٹ حاصل ہے۔ حکمرانوں کے اقتدارکی سرزنی دیوار کو آخری دھکا دینے کیلئے لوگ بلاامتیاز گھروں سے باہر نکلیں اور رائیونڈ مارچ کا حصہ بنیں کیونکہ موجودہ حکمرانوں سے جان چھڑانے کا اﷲ نے آخری موقع فراہم کیا ہے اگر یہ موقع بھی ہاتھ سے نکل گیا تو پھر تاریخ ہمیں کبھی بھی معاف نہیں کریگی لہٰذا عوام اس بونس سے فائدہ اٹھائیں اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔