کراچی : ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے بلدیاتی انتظامات کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا، چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور رکن الدین تاج کی صدارت میں امام بارگاہوں کے منتظمین، جلوس اور محافل و مجالس کے پرمٹ ہولڈرز اور بلدیہ کورنگی کے افسران کا مشترکہ اجلاس، ملیر ماڈل کالونی زون اور شاہ فیصل زون میں عشرہ محرم الحرام کے دوران بلدیاتی مسائل کے حل کو یقینی بنا نے کے لئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزادار حسین کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائیگا امام بارگاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی ،جلوسوں کے روٹس اور محافل و مجالس گاہوں کے اطراف روشنی کے انتظامات کی بہتری سمیت دیگر بلدیاتی انتظامات کو منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے افسران سے کہا ہے کہ جلوسو ں کے روٹس سے تجاوزات اور وال چاکنگ کے خاتمے کے ساتھ سڑکوں کی درستگی کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں منتظمین کی جانب سے پیش کئے گئے علاقائی مسائل کے حل کے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و بھائی چارگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیں اس موقع پر وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے کہاکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں نے لائحہ عمل تیار کرلیا ہے یکم محرم تا عاشورہ محرم تک میونسپل ایمرجنسی نافذ اور افسران وملازمین کی چھٹیاں منسوخ رہیں گی محرم الحرام کے دوران عزادران حسین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاکر مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنائیں گے۔