بارہمولہ (جیوڈیسک) بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قریب بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر اتوار کی رات حملے میں کم از کم ایک اہلکار ہلاک ہو گیا۔
عسکریت پسندوں نے یہ حملہ راشٹریہ رائفلز کے ایک کیمپ پر کیا، بھارتی عہدیداروں کے مطابق خود کار اسلحے سے لیس حملہ آور جان باز پورہ کے علاقے میں قائم 46 راشٹریہ رائفلز کے کیمپ میں داخل ہونا چاہتے تھے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے اور دونوں حملہ آور سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں مارے گئے۔
اطلاعات کے مطابق علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے دو ہفتے قبل 18 ستمبر کو بھارتی کشمیر میں اوڑی کے علاقے میں بھارت کی فوج کے ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر میں پر حملے میں کم از کم 18 فوجی مارے گئے تھے۔
بھارت کی طرف سے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کو پاکستان کی مدد حاصل تھی۔ تاہم پاکستان کی طرف سے اس کی سختی سے تردید کی گئی۔
اوڑی میں حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوا اور بھارت نے گزشتہ ہفتے کشمیر کو منقسم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے قریب مشتبہ شدت پسندوں کے اہداف پر ’سرجیکل اسٹرائیک‘ کرنے اور اس میں متعدد عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا۔
تاہم پاکستان کی طرف سے کہا گیا کہ اُس کے زیرانتظام کشمیر میں کسی طرح کی ’سرجیکل سٹرائیک‘ نہیں کی گئی، البتہ پاکستانی حکام کے مطابق ’لائن آف کنٹرول‘ پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے اُس کے دو اہلکار مارے گئے۔