پیرس (جیوڈیسک) امریکی ٹی وی اداکارہ اور ماڈل کم کارڈیشان کو فرانس میں مسلح افراد نے لوٹ لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشہور امریکی اداکارہ اور ماڈل کم کرڈیشان کو پیرس میں اس وقت مسلح افراد نے یرغمال بناکر لاکھوں ڈالرز مالیت کے زیور لوٹ لئے جب وہ اپنی والدہ کرس جینر اور بہن کینڈال جینر کے ہمراہ پیرس فیشن ویک میں شرکت کے لیے آئی تھیں۔
امریکی اداکار کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کم کارڈیشیان کو ہوٹل کے کمرے میں پولیس کی وردی میں ملبوس 2 مسلح افراد نے یرغمال بنایا۔ دونوں افراد نے کم کو رسیوں سے باندھ کر باتھ روم میں بند کردیا ۔ جس کے بعد وہ کم کارڈیشیان کے زیورات سے بھرا ڈبہ لے گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کم کارڈیشیان کو مسلح افراد نے جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ نہیں بنایا لیکن وہ اس واقعے سے بہت زیادہ خوفزدہ ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو کم کارڈیشان کا جو جیولیری باکس لے گئے اس میں موجود زیورات کی مالیت ایک کروڑ 10 لاکھ یورو سے زیادہ تھی، لوٹے گئے زیورات میں سے ایک انگوٹھی کی مالیت 50 لاکھ ڈالر تھی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔