نیو یارک (جیوڈیسک) پاکستان نے عالمی برادری کی توجہ ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی دلاتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارے انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائیں۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیریوں کی خواہشات کےمطابق مسئلہ کشمیرحل کیا جائے۔
بھارت سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عملدرآمد سے مسلسل انکار کر رہا ہے ، دنیا سے اخلاقی حمایت حاصل کرنا کشمیریوں کا حق ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی کارروائیوں سےعلاقائی امن کو شدید خطرہ ہے۔