پاکستان کی بنیاد بھی اسلام تھا اور منزل بھی اسلام ہی ہو گا، ڈاکٹر عبد الواسع شاکر

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی (پ ر) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر عبدالواسع شاکر نے کہا ہے کہ ملک کی بنیاد بھی اسلام تھا اور منزل بھی اسلام ہی ہوگا، آج تبدیلی کے نعرے لگا کر نوجوانوں کو ورغلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تبدیلی کے نام پر مغربی کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے لیکن صرف نعروں اور تقریروں سے انقلاب نہیں آیا کرتے۔

انقلاب ذہن و فکر کی تبدیلی کا نام ہے انقلاب کے لئے مسلسل اور طویل جدوجہد کرنی پڑتی ہے، اس ملک میں صرف ایک ہی انقلاب آسکتا ہے اور وہ انقلاب اسلامی انقلاب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نیو کراچی کے اجتماع کارکنان بسلسلہ چرم قربانی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی، امیر زون نیو کراچی محمد احمد قاری، مولانا عبدالوحید، حسن صدیقی، عمران شفیق، مولانا آدم سمیع اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالواسع شاکر نے مزید کہا کہ عید الاضحی میں قربانی کی کھالوں میں اضافہ عوام کا الخدمت پر اعتماد اور کارکنوں کی انتھک محنت کا ثمر ہے۔

کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان تحریک اسلامی کا اثاثہ ہیں خلوص نیت کے ساتھ اپنی دعوت دوسروں تک پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں نے ہمیشہ تحریک اسلامی کے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے ،کراچی تحریک اسلامی سے محبت کرنے والے نوجوانوں کا شہر ہے ، جماعت اسلامی کے کارکنان ہر ہر علاقے اورگھر گھر تک تحریک اسلامی کی دعوت پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے، بھارت کو کشمیر میں ہر جگہ ناکامی کا سامنا ہے، بھارت نے کشمیر میں جاری ازادی کی تحریک کو دبانے کے لئے پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے، پاکستانی قوم اور پاک فوج بھارت کے ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے جس سے بھارت ٹکرائے گا تو پاش پاش ہو جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی زون نیو کراچی محمد احمد قاری نے کہا کہ ہم نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں چہروں کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آج کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ انقلاب کے نعرے کو ہائی جیک کرلیا گیا ہے اور انقلاب کے نعرے کوئی اور لگا رہا ہے اور عوام کسی اور کہ ساتھ ہیں تو یہ ان لوگوں کی غلط فہمی ہے عوام میں اب شعور بیدار ہو رہا ہے اور بہت جلد عوام یہ سمجھ جائیں گے کہ کون انقلاب کے کھوکھلے نعرے لگا رہا ہے اور کون حقیقی انقلاب لاسکتا ہے۔

ملک میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت عوام کے اعتماد پر ہمیشہ پوری اتری ہے، الخدمت نے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور عوامی خدمت اور رضائے الٰہی کے حصول کے جذبے کے تحت الخدمت کے رضا کار اور جماعت اسلامی کے کارکنان مہم چرم قربانی میں بھرپور حصہ لیتے ہیں۔

الخدمت کی رفاعی و فلاحی سرگرمیاں عوام کے اعتماد اور تعاون سے ہی جاری ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320