اسلام آباد (جیوڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے متحدہ بانی ’انکل الطاف‘ کو کبھی غدار نہیں کہا۔ متحدہ بانی کراچی کی سیاست کی ایک حقیقت ہیں اور رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے بارے میں کہا گیا کہ میں نے وزیراعظم نواز شریف کے بارے میں غدار کا لفظ استعمال کیا۔ میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم کو غدار کہوں۔ میرا وزیراعظم کے ساتھ کئی باتوں پر اختلاف رہا۔
میں نے صرف یہ کہا تھا کہ مودی کے یار کو ایک دھکا اور دو۔ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں۔ میں ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ یہ باتیں انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے کیں۔
بلاول بھٹو نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے منہ سے مائنس ون والی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ پہلے میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو کو مائنس کیا گیا۔ آج کہا جا رہا ہے کہ آصف علی زردادی کو مائنس ون کردو، کل کہیں گے بلاول کو بھی مائنس ون کر دو۔ مجھے یقین نہیں تھا کہ عمران خان بھی مائنس ون کی باتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان میرے سینئر اور انکل ہیں۔ ان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں گے۔ مولانا صاحب سے درخواست کی ہے کے سینٹ میں پاناما بل پیش کیا تھا، جسے پاس کروایا جائے۔