اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق نے میڈیا سے اعلانات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں ہمیشہ تمام اراکین کو اپنی اپنی رائے پیش کرنے کا موقع دیا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وہ بارباراراکین سے یہ کہتے رہے کہ یہ اجلاس کشمیرکے مسئلے پربلایا گیا ہے، اس لئے اسی پربات کی جائے لیکن وہ کسی کا منہ بند نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کو جو بھی ریفرنسزموصول ہوئے انہوں نے ان کو قواعد وضوابط کے مطابق 30 دنوں کے اندر الیکشن کمیشن کوبجھوادیا اورانہوں نےاس حوالے سے اپنا موقف بھی الیکشن کمیشن کو پیش کر دیا ہے، اس لئے اب ریفرنس کے معاملے میں ابہام مکمل طور پر ختم ہونا چاہئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ احتجاج اوردھرنے دینے والوں کو اس سے قبل بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب بھی ایسا ہی ہو گا، 30 اکتوبرکو شہربھی بند نہیں ہوگا۔ احتجاج اور دھرنے والے باقاعدہ سازش کے تحت ملک میں چین سمیت دیگر ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کو بھگانے کے درپے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا اور ملک میں جمہوریت بھی چلتی رہے گی۔ عمران خان کو سمجھانے کی ضرورت نہیں، وہ سمجھداراوربالغ ہیں بچے نہیں اوروہ اپنا اچھا برا خود سوچ سکتے ہیں۔