کراچی (اسٹاف رپورٹر) شرافی اسٹار فٹ بال کلب لانڈھی کے زیر اہتمام سرحد اسپورٹس اور شہید جمیل فٹ بال کلب کے تعاون سے جاری آل کراچی شرافی اسٹار چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل معرکے میں ملک اسٹار بنارس نے مد مقابل ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم سالار ویلفیئر سینٹر ملیر کو پنالٹی ککس پر 6-5 سے زیر کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
کھیل کے ابتداء ہی سے دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ تابڑ توڑ حملے کرکے سبقت لے جانے کی کوشش کی تاہم ملک اسٹار کو دوران کھیل اُس وقت کامیابی نصیب ہوئی جب ان کے کپتان عرفان نے کھیل کے 15ویں منٹ میں خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی لیکن کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل سالار ویلفیئر سینٹر ملیر کے اسٹار فارورڈ عبدالعلیم نے اپنی انفرادی کوشش سے نہایت خوبصورتی سے بال کو جال میں ڈال کر اس برتری کا خاتمہ کر دیا۔
دوسرے ہاف میں بھی مقابلہ نہایت سنسنی خیز رہا اور دونوں ٹیموں نے بھر پور حملے کرتی رہیں لیکن کھیل کے اختتام پر مقابلہ 1-1گول سے برابری پر ختم ہوا پنالٹی ککس کی بنیاد پر ملک اسٹار نے یہ مقابلہ جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری چوہدری اقبال، فرید طوفان ،جمیل ناز نے انجام دیئے فورتھ ریفری نصیر عمر اور میچ کمشنر ماسٹر رفیق بلوچ تھے۔