عالمی برادری حلب میں قتل عام بند کرائے: او آئی سی

OIC

OIC

دبئی (جیوڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ نے شام کے شمالی شہر حلب میں شامی اور روسی فوج کی جانب سے جاری وحشیانہ بمباری اور نہتے شہریوں کی ہلاکتوں کے بڑھتے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ او آئی سی کی جانب جاری کیے گئے ایک بیان میں عالمی برادری سے حلب میں قتل عام فوری بند کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق او آئی سی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے تمام شہروں میں جاری قتل عام بند کیا جائے۔ عالمی برادری حلب میں شہریوں کے اجتماعی قتل عام کا ظالمانہ سلسلہ بند کرائے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے حلب میں قتل عام کی ذمہ داری روسی اور شامی فوج پرعاید کی ہے اور کہا ہے کہ روس اور شام کی سرکاری فوجیں انسانی حقوق کی پامالی اور انسانیت کے خلاف جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حلب میں جو کچھ ہو رہا ہے اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا توہین ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہےکہ وہ شام میں جاری کشت وخون کا سلسلہ بند کرائے۔