گجرات کی خبریں 11/10/2016

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) آج دنیا بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ نواسہ ٔ رسول ۖ جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین اور انکے رفقائے کار کی یاد میں مجالس عزاء برپا ہیں اور ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں۔ ضلع گجرات میں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں ماتمی جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ سرکلر روڈ گجرات سے برآمد ہو گا۔ صبح 9 بجے امام بارگاہ حسینیہ میں مجلس عزاء منعقد ہو گی جس میں ذاکر اہلبیت ذاکر ملک منتظر حسین مہدی ‘ فضائل و مصائب شہدائے کربلا بیان کریں گے جس کے بعد شبیہہ ذوالجناح برآمد ہونگی۔ عزاداران ماتم داری کریں گے ۔ شاہدولہ چوکی کے ساتھ عزاداران زنجیر زنی کریں گے اس کے بعد جلوس کے شرکاء ٹی ایم اے آفس کے سامنے پہنچیں گے جہاں مجلس عزاء منعقد ہو گی۔ جس کے بعد نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔ ممتاز عالم دین خطیب اعظم یو کے علامہ محمد اصغر یزدانی خطاب کریں گے جس کے بعد جلوس کے شرکاء مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ کاظمیہ محلہ نور پور پڈھے میں پہنچیں گے جہاں جلوس اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کے سلسلہ میں سخت حفاظتی انتظامات کے گئے ہیں۔ سول انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ‘ پاکستان مسلح افواج کے دستے بھی تعینات ہوں گے۔ ڈی پی او گجرات کی طرف سے سیکورٹی کارڈز بھی جاری کئے گئے ہیں۔ تمام سبیل لگانے والوں اور لنگر تقسیم کرنیوالوں کیلئے متعلقہ تھانوں سے کارڈز جاری کئے گئے ہیں۔ جلوس کے منتظمین میں صدر حسینیہ ٹرسٹ چوہدری منظور وڑائچ ‘ سرفراز حسین جعفری’ جواد حسین جعفری’ الطاف عباس کاظمی’ نوازش کاظمی’ سلیمان باقر کاظمی’ سید نثار حیدر کاظمی و دیگر شامل ہیں۔ محکمہ پولیس کے ساتھ ساتھ ٹی ایم اے ‘ فائر بریگیڈ ‘ ریسکیو 1122 محکمہ صحت’ سوئی گیس’ واپڈا کا عملہ بھی ڈیوٹی دے رہا ہے۔
……………………………
……………………………
گجرات(جی پی آئی) 9 محرم الحرام کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا گیا اور تمام جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہو گئے۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ قاسم بی بی فتو پورہ سے سید ناصر پپو شاہ کے زیر انتظام برآمد ہوا جو کہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ پہنچا جہاں سے دوسرا جلوس برآمد ہوا ۔ دونوں جلوس سرکلر روڈ ‘ شاہدولہ چوک’ سے ہوتے ہوئے مسلم بازار ‘ کھاری کھوئی’ مقبرہ پانڈی شاہ و دیگر مقامات سے ہوتے ہوئے واپس اپنے اپنے مقامات پر اختتام پذیر ہوئے۔ ڈی ایس پی سٹی عرفان سلہری کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ ڈی پی او گجرات ڈی سی او گجرات و دیگر افسران نے روٹس کا معائنہ کیا۔ مدینہ سیداں سے جلوس شبیہہ ذوالجناح جبکہ شادیوال سے جلوس شبیہہ علم برآمد ہوا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہو گئے۔ پولیس ‘ رضا کاروں کے دستے تعینات تھے۔
……………………………
……………………………
گجرات(جی پی آئی) ڈسٹرکٹ کور کمیٹی کے ممبران نے 9 محرم الحرام کے دوران مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اور ماتمی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ کمیٹی کے اراکین سید الطاف الرحمن کی سربراہی میں ان مقامات پر گئے ۔ کمیٹی کے ممبران میں سید الطاف عباس کاظمی’ خادم علی خادم’ علامہ ضیاء الرحمن عطاری’ منور کھوکھر’ ڈاکٹر رزاق غفاری’ و دیگر شامل تھے۔
……………………………
……………………………
گجرات (جی پی آئی) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں کو سخت سکیورٹی کی فراہمی ، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، آج یوم عاشور پر برآمد ہونیوالے جلوس کی سکیورٹی کیلئے بھی تمام انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں ، ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بلدیہ آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم میں ارکان اسمبلی اور کور امن کمیٹی کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے نورالعین ، ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خان، ایم پی ایز میاں طارق محمود، چوہدری اشرف دیونہ، چوہدری شبیر احمد ، مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود، نوابزادہ طاہر الملک، کور امن کمیٹی کے ممبران چوہدری منظورحسین، ضیا الرحمان، ضیااللہ شاہ، سید الطاف الرحمان ، خاد م علی خادم، صدر مرکزی انجمن تاجراں جاوید بٹ بھی موجود تھے، انہوں نے سرائے عالمگیر سے برآمد ہونیوالے جلوس کے روٹ کا معائنہ اور شادیوال سے برآمد ہونیوالے جلوس کے انتظامات کی نگرانی بھی کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے جلوسوں کو بہترین سکیورٹی کی فراہمی اور دیگر انتظامات کئے گئے ہیں پولیس، رضا کاروں کے ساتھ ٹی ایم ایز، محکمہ صحت، ریسکیو1122، سول ڈیفنس اور وفاقی محکموں کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں جبکہ شیعہ تنظیموں کے رضا کار بھی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں پہلے ہی دفعہ 144کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش، مجالس، جلوسوں، مذہبی اجتماعات کے علاوہ پانچ یا زائد افراد کے اکٹھ پر پابندی عائد کی جاچکی ہے اور پاک فوج کے دستے بھی معاونت کیلئے موجود ہیں ۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ارکان اسمبلی ، انتظامیہ ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور علمائے کرام کے بھرپور تعاون سے گجرات ماضی کی طرح آئندہ بھی امن کا گہوار ہ رہے گا ۔ اس سے قبل شادیوال اور سرائے عالمگیر کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے منتظمین کو ہدایت کی کہ جلوسوں کو مقررہ وقت پر ختم کیا جائے ، جلوسوں کے روٹس پر صفائی، لائٹنگ اور ایمرجنسی کیلئے جنریٹرز موجود ہونے چاہیں۔ انہوں نے مستعدی سے فرائض کی بجاآوری پر تمام محکموں کے افسرا ن و ملازمین کی کارکردگی کو سراہا اور علما و ممبران وامن کمیٹی کے کردار کی تعریف کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے علی الصبح تحصیل ہسپتال کھاریاں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مفتی، ایم ایس ڈاکٹر فاروق بنگش بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ، سرجیکل وارڈ، ریڈیالوجی وارڈ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو سو فیصد مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے نیز ڈاکٹرز و عملہ محنت سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور خوش اخلاقی کا مظاہر ہ کریں۔