ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) سابقہ روائت کے مطابق امسال بھی نویں محرم کو کربلا کے معصوم شہید شہزادہ علی اصغر کی یاد میں شیعہ علماء کونسل تحصیل ٹیکسلا اور جعفریہ سٹودنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام معصوم عزاداروں پر مشتمل ماتمی جلوس برمقام رہائش گاہ سید ارسلان حیدر نقوی برآمد ہوا جو اپنے روائتی راستے سے ہویا ہوا کربلا پیر فتح حیدر صفدر اختتام پذیر ہوا ،اس موقع پر بچوں کے والدین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی،معصوم بچوں نے لبیک یا حسین ، لبیک یاحسین کی صدائیں بلند کر کے شہداء کربلا سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
بچوں کے جلو س میں معصوم اداروں نے جسم پر سفید کپڑوں کے نمائیاں لباس زیب تن کر رکھے تھے جس پر لبیک یا حسین لکھا ہوا تھا، جلوس میں منتظمین میںسید ارسلان حیدر نقوی،سید شبیر حسین شاہ،سید محسن نقوی،سید سجاد حسین شاہ،سید توصیف حسین، سید اسد حسین شاہ، سردار ریاض حسین شاہ و دیگر شامل تھے ، معصوم بچوں کا جلوس جب کربلا فتح حیدر صفدرداخل ہوا تو سید ریاض حسین شاہ اور معصوم عزاداروں کی ماوں نے آبدیدہ آنکھوں سے بچوں کا استقبال کیا،جلوس میں شامل بچوں نے کربلا کے سب سے کمسن شہید شہزادہ علی اصغر کے جھولے بھی اٹھائے ہوئے تھے۔