گجرات (جیوڈیسک) گجرات میں بااثر افراد نے قانون کو مذاق بنا دیا، چوری کے شبے میں ایک شخص کو درخت سے الٹا لٹکایا اور کئی گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بنایا۔ دنیا نیوز کی خبر پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا تو پولیس نے چار ملزم گرفتار کر لیے۔
جہاں قانون کی عملداری نہ ہو وہاں انصاف کے نام پر یونہی ظلم ڈھایا جاتا ہے ۔ چکوڑی بھلوال کے رہائشی زاہد اقبال نواحی گاؤں لدھا میں مزار پر حاضری دینے گیا اور چندے کے ڈبے سے پیسے چرانے کے الزام میں اسے دھر لیا گیا ۔ چوری کے الزام میں زاہد اقبال کو رسی سے باندھ کر الٹا لٹکا دیا گیا اور ڈنڈے، جوتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تاہم زاہد اقبال کی حالت غیر ہونے پر اسے نیچے اتارا گیا ۔ دنیا نیوز کی خبر پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا جس کے بعد پولیس کو ہوش آیا اور چار ملزم پکڑ لیے ، باقیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔