موصل کی جنگ کا حقیقی فاتح ایران ہو گا: ڈونلڈ ٹرمپ

Trump

Trump

لاس ویگاس (جیوڈیسک) امریکی صدارتی انتخاب سے قبل ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن سے آخری مباحثے میں رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ عراق کے شہر موصل میں جاری جنگ کے بعد حقیقی فاتح ایران ہو گا اور اس پر ایران کو امریکہ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔

جمعرات کو لاس ویگاس کی یونیورسٹی آف نیوادا میں ہونے والے اس آخری مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ایران کو چاہیے کہ وہ ہمیں شکریے کا خط لکھے۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’موصل ہمارے پاس تھا لیکن جب ہم وہاں سے آگئے، جب ہلیری نے وہاں سے سب کو بلا لیا تو ہم موصل کھو بیٹھے۔‘

انھوں نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی کامیابیوں اور پھیلاؤ کی ذمہ داری ہلیری کلنٹن پر عائد کی۔ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی مذمت بھی کی۔