ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی سے متعلق سوال پر کسی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کر دیا۔
بالی ووڈ اسٹار عامر خان بھارت میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف بیان دے کر انتہا پسندوں اور بی جے پی کی دشمنی مول لے چکے ہیں جس پر ان کے خلاف مظاہرے کیے گئے تھے تاہم انہوں نے اپنے بیان پرمعافی مانگی تھی جس کے باوجود انہیں عارضی طور پر بھارت چھوڑنا پڑا تھا لیکن رواں سال اپنی فلم کی نمائش کو بچانے کے لیے اداکار نے کسی بھی متنازع معاملے پر بیان دینے سے توبہ کرلی ہے۔
گزشتہ روز18 ویں ممبئی اکیڈمی آف موونگ امیج (مامی) فیسٹیول کی تقریب منعقد ہوئی جس میں فلم نگری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی جب کہ تقریب میں اداکارعامر خان بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ شریک میں ہوئے۔
اس موقع پرسپر اسٹار عامر خان سے فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم پر پابندی اور کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘کی نمائش پر پابندی کے فیصلے سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کسی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کرتے ہوئے فیسٹیول انتظامیہ سے پوچھنے کا کہہ کر چلے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی سینما مالکان نے پاکستانی اداکار فواد خان کے باعث کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی نمائش پر 4 ریاستوں میں پابندی عائد کردی ہے۔