اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنا آئینی حیثیت رکھتا ہے لیکن ادارے بند کرنا غیر قانونی عمل ہے ،عمران خان کو سیاست اور نواز شریف کو حکومت نہیں آتی۔
ان کا کہنا ہے کہ جب سرحد پر خطرات منڈلا رہے ہیں ایسے حالات میں اندرونی جنگ سے سیاست دانوں کی بالغ نظری پر سوال اٹھیں گے اور جمہوریت کو بھی خطرہ ہو گا۔
سکھر میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دیکھیں گے کہ اسلام آباد میں گرفتاریاں کن بنیادوں پر ہو رہی ہیں ،پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نہیں ہونی چاہئیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں لاکھوں افراد کو روز گار دیا اور جمہوریت کو جب بھی خطرہ ہوا پیپلز پارٹی سب سے آگے کھڑی ہوتی ہے۔