ایران (جیوڈیسک) ایران کی طاقت ور فوج کے سپہ سالار جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں شام سمیت خطے کے ممالک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے مذاکرات کریں مگر شام کے مستقبل کا فیصلہ ایران ہی کو کرنا ہے۔
شام میں ہلاک ہونے والے’فاتحین‘ یونٹ کے اہلکاروں یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل الجعفری نے کہا کہ ان کا ملک خطے کے ممالک میں اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ انہوں نے ایران کی فوجی مداخلت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
جنرل جعفری نے کہا کہ وطن کی سرحدوں سے باہر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پوری قوم کے محسن ہیں جو ایران کے اسلامی انقلاب کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرکے ایرانی مفادات کا دفاع کرتے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے چیف نے بیرون ملک لڑنے والے فوجیوں کو ’مقامات مقدسہ کے محافظ سپاہی‘ قرار دیا اور کہا کہ ایران خطے میں اپنے مفادات کے حصول تک لڑائی جاری رکھے گا۔
ایرانی فوجی عہدیدار نے کہا کہ ایران کی سرحدوں سے باہر ہمارے جوانوں اور افسروں کا لڑائیوں میں حصہ لینا صرف اللہ کی توفیق سے ممکن ہے۔ یہ توفیق ہر خاص وعام کو نہیں ملا کرتی۔ جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ اگر ہم خطے میں مقدس مقامات کےدفاع کے لیے مداخلت نہ کرتے تو پورا خطہ مغربی ایشیا کا منظر پیش کرتا۔