فیصل آباد: عمران خان حقیقی لیڈر، قوم کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں، منفی پراپیگنڈا کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، 2 نومبر پاکستانی تاریخ کا اہم ترین دن ہو گا،اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔
حکمران اپنے خلاف ہونے والے احتجاج کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ان خیالات کا اظہار رہنماء پاکستان تحریک انصاف راجہ زرار سجاد نے کارکنوں کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء عمران خان کے احتساب کی بات کرتے جبکہ عمران خان اپنے احتساب کیلئے تیار ہیں دوسری جانب ن لیگ کے سربراہ کے احتساب کی بات ہوتو ان کی زبانوں پر تالے پڑ جاتے ہیں،دنیا بھر میں جمہوریت پر امن احتجاج کی اجازت دیتی ہے لیکن ن لیگ کی من گھڑت جمہوریت آمریت کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکن تیار رہیں ماضی میں بھی جمہوریت کا راستہ روکنے کیلئے آمریت کا راستہ اختیار کیا گیا ملکی سلامتی کی خاطر پاکستان تحریک انصاف کے تمام کارکن بلند حوصلہ اور جرات کے ساتھ عمران خان کے شان بشانہ ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ لائحہ عمل تیار ہوچکا کارکن ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے اور کسی بھی اوچھے ہتھکنڈے کو آزمانے کی صورت میں حکومت اپنے سیاسی جنازے کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکے گی۔وہ اپنی رہائش گاہ پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حسن نیازی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔