رحیم یار خان : پاکستان پولیو کمیٹی کے ممبر و اسسٹنٹ گورنرروٹری انٹرنیشنل ممتاز بیگ نے آج (24تا27اکتوبر) سے شروع ہونے والی تین روزہ انسداد پولیو مہم اور پولیو کے عالمی دن (24اکتوبر) کے سلسلہ میں بتایا کہ دنیا سے پولیو کا 99.9 فیصد تک خاتمہ ہوچکا ہے۔
رواں سال اس وقت تک پوری دنیا میں27نئے مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے بدقسمتی سے ان میں سے 15کا تعلق وطن عزیز سے ، 8کا افغانستان اور 3کا نائجیریا سے ہے۔ سندھ میں 5، بلوچستان ایک، فاٹا2اور خیبرپختونخواہ میں 7بچے اس موذی مرض کی وجہ سے معذور ہو ئے ہیں ۔سکیورٹی اداروں، محکمہ صحت ، سماجی و فلاحی اداروں کی مربوط کوششوں سے پنجاب ، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان اب تک پولیو فری ہیں۔
پولیو وائرس ختم نہ ہونے کی وجہ سے بیرون ملک سفرکیلئے پولیو ویکسین پینے کا سرٹیفکیٹ حاصل کر نالازمی ہے۔جب تک پولیوکا ایک بھی نیا مریض سامنے آتا رہا دنیا میں پولیو پھر سے پھیلنے کا خطرہ موجود رہے گا۔
لہذا والدین، اساتذہ کے ساتھ انسدداد پولیو کی اس مہم میں معاشرے کاہر فرد پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کوپولیو ویکسین کے دو قطرے پلا کر وطن عزیز کوسفری پابندیوں سے آزاد اورپولیو فری بنانے میں اپنا قومی فرض ادا کریں۔