کوئٹہ (جیوڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں سیاسی اور عسکری قیادت کا اہم اجلاس ہوا۔ ہائی الرٹ کے باوجود سکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے سبب مختلف اداروں کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔
وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی شریک ہوئے۔ ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والے اجلاس میں سانحہ کوئٹہ اور اس کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، سیاسی اور عسکری قیادت نے مختلف اداروں کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا اور ہائی الرٹ کے باوجود سکیورٹی انتظامات نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں لشکر جھنگوی العالمی کے ملوث ہونے سے متعلق شواہد بھی پیش کئے گئے۔
سیاسی اور عسکری قیادت کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ واقعے کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں اور دہشت گرد وہاں سے چند روز قبل ہی پاکستان آئے تھے۔