ضلع بھر کے ہسپتالوں میں بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ ارقم طارق

Sheikhupura

Sheikhupura

شیخوپورہ (ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) ڈی سی او شیخوپورہ ارقم طارق نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے ہسپتالوں میں بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔

جس کے ضلعی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔انہوں نے گزشتہ کچھ عرصے میں دیہی علاقوں میں علاج و معالجہ کے نظام میں لائی جانے والی تبدیلیوں کی فہرست متعلقہ میڈیکل آفیسر سے طلب کر لی ہے جب اسسٹنٹ کمشنرز تمام تحصیل ہیڈکواٹرز کے معاملات کی ازخود نگرانی کریں گے۔ صحت کے نظام میں بہتری جانچنے کے لئے منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ میڈیکل کالج کے کنسلٹنٹس اور ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹر بنایا جاتا ہے جس پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اے سی اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر باقاعدگی سے ہسپتالوں کے دورے کرتے ہیں جبکہ ڈی سی او ارقم طارق کے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ بھی مسلسل جاری رہتا ہے۔

علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال میں موجود تمام خراب طبی آلات میں سے جن کی ممکن تھی مرمت کروا کے40 کے قریب بستروں کا اضافہ کیاگیا ہے جس کی بدولت نہ صرف سہولیات میں اضافہ ہوا بلکہ خالی کئے جانے والے کمروں کو بہترین مرمت اور تزین و آرائش کے بعد ہال میں تبدیل کر کے دو عدد نئے وارڈز بنائے گئے۔ اس کے ساتھ ہی ایمرجنسی وارڈ میں 24گھنٹے ڈاکٹرز کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ 6، 6 بستروں پر مشتمل الگ الگ زنانہ اور مردانہ ایمرجنسی وارڈز کے قیام کیلئے بھی اقدامات کئے گئے۔ ڈی سی او ارقم طارق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے عین مطابق عوام الناس کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور باقائدہ چیکنگ کے دوران غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔