واشنگٹن (جیوڈیسک) ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار، ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز پنسلوانیا اوینیو پر واشنگٹن کے اعلیٰ درجے کے اپنے نئے پُرتعیش ہوٹل کا باضابطہ افتتاح کیا، ایسے میں جب وہ وہاں سے چند ہی بلاک دور واقع وائٹ ہاؤس کے عہدے کے لیے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
آٹھ نومبر کے قومی انتخابات میں اب صرف 13 دِن باقی ہیں، جن میں وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن سے پیچھے ہیں۔ جائیداد کے نامور کاروباری شخص پہلی بار کسی منتخب عہدے کے لیے میدان میں ہیں۔ اُنھوں نے رواں ہفتے اپنا قیمتی وقت ذاتی ملکیت کی تشہیر پر لگایا۔
پیر کے روز اُنھوں نے ’آن لائن ٹرمپ ٹی وی نیوزکاسٹ‘ کا آغاز کیا، جس میں انتخابی مہم کے کارکنان ٹیلی وژن کے اینکر ہوں گے، جب کہ منگل کے روز فلوریڈا میں اپنے متمول طبقے کے ’گولف رزارٹ‘ کا دورہ کیا، جہاں اُنھوں نے وہاں کام کرنے والے عملے کے ساتھ تصاویر کھچوائیں۔
واشنگٹن کے پرانے علاقے میں واقع ’ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل‘ کا ستمبر میں افتتاح ہوا تھا، اور 2016ء کی صدارتی مہم کے دوران وہ تین بار اس ہوٹل کا دورہ کر چکے ہیں۔ یہ وائٹ ہاؤس سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے، جس کے بارے میں ٹرمپ کی خواہش ہے کہ 20 جنوری کو جب صدر براک اوباما اپنی میعاد صدارت مکمل کریں تو وہ اُس عہدے پر فائز ہوں۔
اُنھوں نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے بعد یہ نئی ذاتی جائیداد واشنگٹن کے ایک بہترین مقام پر واقع ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ پرانے پوسٹ آفس کے برعکس، اُسی مقام پر تعمیر کردہ اُن کی کمپنی کی یہ بارونق عمارت قابل دید منظر پیش کرتی ہے، جو جھلک عام طور پر سرکاری منصوبوں میں نظر نہیں آتی، جو ہمیشہ بجٹ سے زیادہ اخراجات والے، شڈول سے پیچھے ہوتے ہیں جب کہ اُن میں لگے کل پرزے بمشکل کام کرتے ہیں‘‘۔
ٹرمپ کے چند ناقدین نے اُن کے دورہٴ واشنگٹن پر سوال اٹھائے ہیں، جہاں اُن کا تین الیکٹورل ووٹ جیتنے کا امکان کم ہو چکا ہے، اور ایسے میں جب سابق امریکی وزیر خارجہ کلنٹن کی سبقت میں کمی لانا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جو ملک کی پہلی خاتون صدر بن سکتی ہیں۔ تاہم، ٹرمپ کی صدارتی مہم کی منیجر، کیلانی کونوے نے ٹرمپ کی جانب سے اپنے ہوٹل کا معائنہ کرنے کی سیاسی حکمت عملی پر انگلیاں اٹھانے والوں پر نکتہ چینی کی ہے۔
کونوے نے ’این بی سی ٹوڈے شو‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ مختصر لمحوں کے لیے واشنگٹن میں رکے، اور کم لاگت پر وقت سے پہلے تیار ہونے والے ہوٹل کا معائنہ کیا۔ اس سے امریکیوں کو ڈونالڈ ٹرمپ کے قابل ذکر کارناموں کا پتا چلتا ہے۔ وہ ایسے شخص ہیں جو چیزوں کی تعمیر کرتے ہیں۔ وہ چیزوں کی خامیاں دور کرتے ہیں‘‘۔
منگل کے روز انتخابی مہم جاری رکھتے ہوئے، کلنٹن نے فلوریڈا کی کلیدی کانٹے کے مقابلے والی ریاست کا دورہ کیا، جہاں وہ ’اڈیلے کنسرٹ‘ گئیں، جہاں پاپ آرٹسٹ نے امیدوار کے طور پر اُن کی حمایت کا اعلان کیا، حالانکہ اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ وہ برطانوی شہری ہیں، وہ کلنٹن کو ووٹ نہیں دے پائیں گی۔
بدھ کے روز کلنٹن کی 69 ویں سالگرہ تھی، جس دِن وہ فلوریڈا میں تھیں۔ ستر برس کے ٹرمپ نےاس ہفتے دو دِن یہیں گزارے، جس دوران اُنھوں نے اِس ریاست کے سات شہروں کا دورہ کیا۔
اُنھوں نے کہا کہ اگر وہ فلوریڈا میں الیکشن نہیں جیتتے تو اُن کی جیت کے امکانات معدوم ہو جائیں گے، جس ریاست کے 29 الیکٹورل ووٹ ہیں۔