کراچی : چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کے نظام میں اصلاحات لانے کے لئے ایکشن لینے کا اعلان کردیا ،غفلت ،لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والوں کو فارغ کردیا جائیگا ،محکمہ سالڈ ویسٹ کو ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کے اندر ضلع کورنگی کی اہم شاہراہوں اور اندرونی گلیوں میں صفائی وستھرائی کا مثالی نظام آنا چاہیئے۔
کسی بھی علاقے سے صفائی وستھرائی کے حوالے سے عوامی شکایات پر متعلقہ انسپکٹر،سب انسپکٹر اور مقدم اپنے آپ کو فارغ سمجھیں ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے محکمہ سالڈ ویسٹ بلدیہ کورنگی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو ،ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ اور بلدیہ کورنگی کے چاروں زونز کے ڈپٹی ڈائریکٹرز بھی موجودتھے ۔چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے حوالے سے بڑھتی ہوئی عوامی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو تاکید کی کہ اب ہر علاقہ صاف ستھرا نظر آنا چاہیئے اگر عوامی خدمت میں غفلت کا مظاہرہ ترک نہ کیا گیا تو ذمہ دران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اہم شاہراہوں سمیت اندورنی گلیوں میں سوئپنگ کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ کچرا کنڈیوں سے روزانہ کی بنیاد پر کچرے کی منتقلی کو یقینی بنا یا جائے اور کچرا کنڈیوں کی تعمیر کے حوالے سے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے محکمہ سالڈ ویسٹ کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے یونین کمیٹیز کے نمائندوں کے باہمی تعاون کے اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہاکہ صفائی وستھرائی کے انتظامات کی بہتری ہر حال میں بہتر بنا یا جائے کسی بھی علاقے میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کو برداشت نہیں کیا جائیگا ،ڈائریکٹر ہیلتھ اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو صفائی وستھرائی کے انتظامات کی مکمل مانیٹرنگ کرنے اور کچرا کنڈیوں سے کچرے کی منتقلی کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔