پاکستانی ماہرین نے 21 ٹن فی ایکڑ پیداوار دینے والا ’’ہائبرڈ ٹماٹر‘‘ تیار کر لیا

Tomato

Tomato

پاکستانی زرعی ماہرین نے ٹماٹر کی نئی مخلوط (ہائبرڈ) قسم تیار کر لی ہے جو 21 ٹن فی ایکڑ کی پیداوار دے سکتی ہے جب کہ اسے وسیع کھیتوں کے علاوہ کم روشنی والے تنگ مقامات پر بھی اُگایا جا سکتا ہے۔

یہ کارنامہ ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (AARI) فیصل آباد کے ذیلی ادارے ’’ویجی ٹیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘‘ کے زرعی سائنسدانوں نے انجام دیا ہے۔ ٹماٹر کی اس نئی قسم کا چھلکا نسبتاً موٹا اور سخت ہوتا ہے جس کے باعث یہ دور دراز کی سبزی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے بہت موزوں ہے۔

ٹماٹر کی مذکورہ نئی مخلوط قسم کو تجرباتی طور پر کھیتوں اور نرسریوں میں اُگانے کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے تا کہ اس میں امراض کے خلاف مزاحمت اور نشوونما کا جائزہ لیا جا سکے اور متوقع طور پر آئندہ سال بڑے پیمانے پر کاشت کے لئے کسانوں تک پہنچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ کے ایک بڑے زرعی تحقیقی منصوبے کے تحت ویجی ٹیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد میں مختلف سبزیوں کی 57 اقسام پر تحقیق جاری ہے اور ان میں سے ٹماٹروں کی 4 نئی اقسام پر خاصی کامیابیاں بھی حاصل ہو چکی ہیں۔