افغانستان (جیوڈیسک) افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں قبائلی راہنماؤں کے ایک جرگے پر ہونے والے خود کش بم حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں۔ صوبائی پولیس کے سربراہ کے ترجمان حضرت حسین مشرقی وال کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پیر کو صوبائی دارالحکومت جلال آباد میں پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ بمبار پیدل چلتے ہوئے آیا اور ایک قبائلی راہنما کے گھر میں داخل ہونے کے بعد اس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ تاحال کسی بھی گروپ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران ننگر ہار صوبے سمیت افغانستان کے دیگر کئی علاقوں میں طالبان عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جن میں ںاصرف سکیورٹی فورسز کے اہلکار بلکہ عام شہری بھی نشانہ بن رہے ہیں۔
باغیوں کی ان کارروائیوں کی وجہ سے عام شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔