مانچسٹر میں سجی مسلم لائف اسٹائل ایکسپو 2016

Muslim Lifestyle Expo Exhibition

Muslim Lifestyle Expo Exhibition

مانچسٹر (جیوڈیسک) اس سال نمائش کا اہتمام مانچسٹر ایونٹ سٹی’میں کیا گیا جہاں دنیا کے 12 سے زائد ممالک سے 100 نمائش کنندگان نے شرکت کی جن کا تعلق امریکہ ،آسٹریلیا ،جرمنی ،ملائیشیا ،انڈونیشیا ،بھارت اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ملکوں سے تھا۔

مسلم صارفین کی مارکیٹ اب دنیا کی بڑی مارکیٹوں میں شمار ہوتی ہے،جو موجودہ دور میں حلال کھانوں ،اسلامی طرز کے فیشن، اسلامی بنک اور اسلامی کریڈٹ کارڈ سے آگے نکل کر پھیل رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ برسوں میں بین الاقوامی فیشن برانڈز نے بھی اسلامی فیشن انڈسٹری میں قدم رکھ دیا ہےجن میں سے معروف فیشن ہاوس مینگو ،ڈوئچے اور گبانا کی طرف سے مسلمان خواتین کے لیے ملبوسات کی خصوصی رینج متعارف کرائی گئی ہے۔

اسلامی طرز کی مصنوعات اور خدمات کے فروغ کےحوالے سے برطانیہ کے صنعتی شہر مانچسٹر میں اس ویک اینڈ پر ‘مسلم لائف اسٹائل ایکسپو 2016 ‘ منعقد کی گئی تھی۔

دو روز جاری رہنے والی نمائش اتوار کو اختتام پزیر ہوئی جس میں ملکی اور بین الاقوامی تاجروں اور صارفین کی ایک بڑی تعداد نےشرکت کی اور اس منفرد نمائش کو زبردست عوامی پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔

اس سال نمائش کا اہتمام مانچسٹر ایونٹ سٹی’میں کیا گیا جہاں دنیا کے 12 سے زائد ممالک سے 100 نمائش کنندگان نے شرکت کی جن کا تعلق امریکہ ،آسٹریلیا ،جرمنی ،ملائیشیا ،انڈونیشیا ،بھارت اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ملکوں سے تھا۔

برطانیہ کے سب سے بڑی مسلم لائف اسٹائل نمائش میں مسلم مارکیٹ سے وابستہ کاروباری افراد کی جانب سے فیشن ،کھانوں ، مشروبات ، ٹریول ، میڈیا ،اسلامی فنانس اور کاسمیٹیکس سمیت مختلف شعبوں میں مصنوعات اور خدمات کی نمائش کی گئی۔

ایکسپو میں معروف موڈیسٹ فیشن برانڈز کی طرف سے لائیو کیٹ واک شو کا اہتمام کیا گیا تھا۔ برطانوی اور غیر ملکی فیشن برانڈز میں سے سی ایم کور می ،انڈیا ماما ،حائقہ ،اسری سانزا ،انایا ،عطیہ لندن سمیت دیگر برانڈز نے اپنے ڈیزائن کردہ اسلامی طرز کے فیشن ایبل اور دلکش ملبوسات کا انتخاب پیش کیا۔

ملائیشیین فیشن ہاوس اسری کی طرف سے ماڈلز نےحجاب کے ساتھ ہلکے پھلکے ڈرامائی ڈیزائن والے ملبوسات پہن کر لائف اسٹائل شو کے ریمپ پر واک کی تو وہ انتہائی باوقار اور گلیمرس نظر آئیں۔​

نمائش میں معروف کوکنگ ویب سائٹ ‘کری آف حلیمہ’ کی شیف حلیمہ سلیم اور پچھلے سال کے برٹش بیک آف بیکنگ مقابلے کے شیف علی امداد نے سامعین کے سامنے لائیو کھانا پکانے اور بیکنگ کے اسباق پیش کئے۔

نمائش میں تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی دلچسپی کے لیے مختلف اقسام کے کھیلوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ ہال کی ایک جانب لوگوں کے سستانے اور آرام کرنے کے لیے فرشی مسند بچھائی گئی تھی۔

نمائش میں مسلم لائف اسٹائل مارکیٹ کی ترقی کو اجاگر کرنے اور کاروباری فہم کے اشتراک کے لیے خصوصی سیمینار کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

مانچسٹر آرٹ گیلری کی طرف سے ایکسپو میں اسلامی فنون اور نوادارت کی نمائش کی گی اور آرٹ میں دلچسپ رکھنے والوں کے لیے ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا.

ایکسپو میں ہماری ملاقات ایسے بہت سے کاروباری افراد سے ہوئی جو آن لائن کاروبار کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسیع پیمانے پر پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں اور اس ضمن میں خاص طور پر نوجوان اور گھریلو خواتین کافی متحرک نظر آئیں.

‘اپراہیم ٹوائے ہاوس’ برطانیہ کا پہلا آن لائن اسلامی ٹوائے اسٹور ہے،جس کا آغاز دو برس پہلے ایک خاتون خانہ نازیہ نسرین نےکیا تھا ۔نمائش میں ابراہیم ٹوائے اسٹور پر بچوں کےخوبصورت جائے نماز ،اسلامی گڑیا اور اسلامی کتابوں سمیت اسلامی معلومات پر مبنی بورڈ گیمز فروخت کئے جارہے تھے ۔ٹوائے اسٹور پر موجود سمیعہ نے بتایا کہ کاروبار کا آغاز کھانے کی ٹیبل پرکیا گیا اور آج ہمارے دو سو سے زائد مصنوعات اور دنیا بھر میں تیس سے زائد سپلائرز ہیں۔

ملائیشا کی کمپنی سلور لائننگ اسلامی طرز کی مصنوعات کے لیے پہچان رکھتی ہے اس اسٹال پر موجود نجوی نے بتایا کہ ہمارے پاس اپنے صارفین کے لیے گریٹنگ کارڈز ،نوٹ بکس ،وزیٹنگ کارڈز ،سالگرہ اور عقیقے کی تقریبات کے اسلامی دعوت نامے آن لائن دستیاب ہیں۔

‘لندن بیریڈ کمپنی’ ایک آن لائن کمپنی ہے جسے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ابرار چلاتے ہیں انھوں نے بتایا کہ جیسا کہ اب ڈارھی مرکزی دھارے میں بھی فخر کے ساتھ رکھی جا رہی ہے اسی لحاظ سے ہماری مصنوعات خاص ڈارھی کی دیکھ بھال سے متعلق ہیں جن میں زیرو ایڈیشن بیریڈ تیل آن لائن ،خصوصی کنگھی اور گرومنگ کیٹ شامل ہے۔

‘مایا بریتھ ایبل نیل پالش’ کے اسٹال پرخریدرای کرنے والی ایک خاتون صبا نے وی او اے سے گفتگو میں کہا کہ مسلمان خواتین نیل پالش کا استعمال کرنے سے گھبراتی ہیں کیونکہ نیل پالش کے ساتھ وضو نہیں ہوسکتا ہے لیکن چونکہ پانی اس نیل پالش میں سے گزر کا جلد تک پہنچ سکتا ہے اس لیے میں اپنی پسند کے رنگوں کی نیل پالش خرید رہی ہوں۔

ٹریلین پاونڈ کی مسلم صارفین کی صنعت کی برطانیہ کی سب سے بڑی نمائش میں حصہ لینے والے نمائش کنندگان میں ترکش ائیر لائن، رائل ائیر فورس اور ال ریان بنک ، کاسٹکو ، ازدا سمیت انڈونیشیا مسلم فیشن ویک ،خوش میگزین ،موکٹیل کمپنی ،برٹش مسلم ٹی وی ،برونائی حلال اور ابراہم ٹوائے ہاوس اور لندن بییرڈ کمپنی اور دیگر چھوٹے بڑے تاجر شامل تھے۔

مسلم لائف اسٹائل ایکسپو کے بانی طاہر مرزا نے کہا کہ مسلم لائف اسٹائل ایکسپو دنیا بھر کے کاروباری افراد اور صارفین کو ایک ساتھ لانے کی ایک تقریب ہے جس کا مقصد کاروباری اداروں اور برانڈز کو مسلمان صارفین کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرنا ہےجبکہ ایکسپو میں شریک تاجر افراد مسلم لائف اسٹائل انڈسٹری کےبڑے اور بہترین مسلمان کاروبار کی نمائندگی کرتے ہیں۔

طاہر مرزا کے مطابق پچھلے برس کے کامیاب ایکسپو کے بعد ہمیں صارفین اور نمائش کنندگان کی طرف سے بہت حوصلہ افزا تبصرے ملے تھے اور اس سال یہ ایک زیادہ بڑی اور کامیاب نمائش تھی جس میں لگ بھگ دس ہزار افراد نے شرکت کی ہے۔