واشنگٹن (جیوڈیسک) پہلی بار حکومت امریکہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ داعش کا شدت پسند گروپ بھارت میں دہشت گرد حملے کر سکتا ہے۔
سکیورٹی کی نوعیت کا یہ مختصر انتباہ بھارت میں امریکی شہریوں کے لیے ہے، جو نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے نے منگل کے روز جاری کیا۔
بیان میں امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ’’خبردار رہیں اور سکیورٹی سے متعلق آگہی بڑھائیں، خاص طور پر مذہبی مقامات، مارکیٹ اور جشن کے مقامات پر‘‘۔
ماضی میں سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ سفر سے متعلق ہدایت ناموں میں بھارتی مجاہدین اور پاکستان میں قائم لشکر طیبہ جیسے مذہبی انتہا پسند گروپوں کا ذکر کیا گیا، لیکن داعش کا نام کبھی نہیں لیا گیا تھا۔
’ہیریٹیج فاؤنڈیشن‘ کی سینئر رسرچ فیلو، لیزا کرٹس نے کہا ہے ’’ہو سکتا ہے کہ سلامتی سے متعلق اس تازہ ہدایت نامے کا تعلق بھارت میں داعش کے شدت پسندوں کی گرفتاری سے ہو‘‘۔ اُنھوں نے اس جانب توجہ دلائی کہ گذشتہ ماہ کرالہ میں داعش کا ایک نیٹ ورک برآمد کیا گیا، جو دیوالی کی تعطیل کے دوران حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، جو اتوار کو شروع ہوئی ہیں اور جمعرات تک جاری رہیں گی۔
کرٹس ’سی آئی اے‘ کی سابق تجزیہ کار ہیں اور بھارت اور پاکستان میں امریکی سفارت خانوں میں سفارت کار بھی رہ چکی ہیں۔ بقول اُن کے، ’’اِن گرفتاریوں کے نتیجے میں بھارت میں داعش کے دہشت پسند گروپ کے بارے میں اضافی اطلاعات موصول ہوئی ہوں‘‘۔