اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انتشار کی سیاست ملکی ترقی اور عوام کی خوش حالی کے لیے زہر قاتل ہے، ذاتی مفادات کی خاطر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانا 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ سی پیک پر تیز رفتار عمل درآمد سے دوست خوش ہیں اور مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے، منفی سیاست کے علم بردار ملکی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ 2014ء کے بلاجواز دھرنوں سے قومی معیشت کو بڑا دھچکا لگا تھا، غیر جمہوری رویوں سےسی پیک منصوبہ بھی تاخیر کا شکار ہوا،عوام جان چکے ہیں کہ افراتفری کی سیاست کرنے والے اندھیروں کا راج چاہتے ہیں۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ روشن مستقبل کی نوید سی پیک کو نقصان پہنچانا کسی طور عوام کی خیر خواہی نہیں، پاکستان ہم سب کا ہےاور ہمیں اجتماعی سوچ کے ساتھ اسے آگے لے کر جانا ہے۔