اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے سی پیک گیم چینجر ہے، اس سے خطے کے عوام کی زندگیاں بہتر ہوں گی، گزشتہ تین سال میں پاکستان کا اقتصادی نقشہ مکمل تبدیل ہو چکا ہے، پاکستان کی بہتر اقتصادیات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار چینی سرمایہ کار گروپ سے ملاقات میں کیا ۔ وزیراعظم سے ملاقات میں چینی وفد نے تین ارب ڈالرز کا فنڈز پاکستان لانے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بزنس کے حوالے سے پاکستان خطے کے 10 بہترین ممالک میں شامل ہے۔ امید ہے وفد کی انفرااسٹرکچر، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مفید بات چیت ہو گی،چینی قیادت اور عوام کا مشکور ہیں، ہر آزمائش پہ پوری اترنے والی پاک چین دوستی دن بدن مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اسٹینڈرڈ اینڈ پور نے پاکستان کی ریٹنگ کو بی نیگیٹو سے بی میں تبدیل کیا ہے، افراط زر میں بتدریج کمی ہو رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے بھی افراط زر میں کمی آئی ہے۔
زرمبادلہ کے ذخائر23 ارب ڈالرز تک پہنچ چکے ہیں، عالمی سرمایہ کاری کو ترغیب دینے اور مسابقت کا ماحول بنانے کے لئے خصوصی اقتصادی زونز کا قانون بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر چینی وفد نے وزیر اعظم اور حکومت کی اقتصادی اور سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تین ارب ڈالرز کا فنڈز پاکستان لانے کا اعلان بھی کیا۔
چینی وفد نے کہا کہ وزیر اعظم کے انفرا اسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں کی ترقی کے ویژن کے باعث پاکستان میں سرمایہ لا رہے ہیں، حکومت پاکستان کی منظوری ملنے کے بعد پاکستان میں ایئر لائن شروع کرنے کے مواقعوں پر غور کرنا چاہتے ہیں۔