کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہا کہ کراچی کی ترقی سے پاکستان کا استحکام وابستہ ہے کراچی کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے نظر انداز کرکے استحکام کا خواب نا ممکن ہے ،کراچی شہر کا دنیا کے بڑے شہروں میں شمار ہوتا یہاں کا بلدیاتی نظام مثالی ہونا چاہیئے۔
مگر بد قسمتی سے کراچی شہر کو سیاست کی بھینٹ چڑھا کر شہر کی ترقی کو روک دیا گیا گزشتہ 8سال سے شہر کے مضافاتی علاقے تعمیر وترقی سے محروم اور عوام مسائل کا شکار ہیں فیملی پارکوں سے سمیت عوامی سہولتوں کے لئے تعمیر کئے ترقیاتی منصوبے عدم دیکھ بھال کی وجہ سے تباہ حالی کا شکار ہیں۔
انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کراچی کے بلدیاتی نظام کو فعال اور تعمیر و ترقی عوامی مسائل سے چھٹکارے کے لئے بلدیاتی اداروں کو خصوصی فنڈز کا اجراء کیا جائے ان خیالات کا اظہار MNAساجد احمد نے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا کے ہمراہ ملیر،ماڈل کالونی زون میں قائم فیملی پارکوں کا تفصیلی دورہ کرکے پارکوں کی ذبوحالی اور سہولت کی فراہمی کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
واضح رہے کہ ملیر ماڈل کالونی زون سابقہ ضلع ملیر سے کورنگی ضلع میں شامل ہونے والے علاقوں پر مشتمل ہے رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہاکہ حق پرست بلدیاتی قیادت نامساعد حالات اور وسائل کی عدم فراہمی کے باوجود تعمیر وترقی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے لاتعداد مسائل اور محدو وسائل کی وجہ سے رفتار سست ہے مگر بتدریج مسائل کے تدارک کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ ضلع کورنگی میں قائم فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں کی تعمیر و ترقی اور تزئین و آرائش کا آغاز کردیا گیا ہے اور ضلع کورنگی کی عوام کو مسائل سے چھٹکارہ اور ضلع کورنگی کی تعمیر وترقی کے لئے متعدد منصوبوں کے لئے لائحہ عمل ترتیب دے دیا گیا ہے اور انشا اللہ بہت جلد عوام ضلع کورنگی میں علاقائی مسائل کے حل کے حوالے سے تبدیلی پائیں گے۔
سید نیئر رضا نے کہاکہ یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز کی تجاویز اور عوامی رہنمائی او ر تعائون کے ذریعے ضلع کورنگی کو شہر کا مسائل سے پاک ضلع بنا یا جائیگا۔