کراچی (جیوڈیسک) چیرمین ییپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے حکومت کے سامنے اپنے 4 مطالبات رکھے ہیں اگر وہ نہ مانے گئے تو پھر شیر کا شکار کرنے نکلوں گا اور پھر میرا احتجاج عمران خان کی طرح نہیں بلکہ اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی بے نظیر بھٹو کی طرح ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ایک اور موقع دے رہا ہوں، آج اپنے سینیٹرز سے بات کروں گا کہ ہم کیسے سینیٹ کا استعمال کرکے اپنے مطالبات منوائیں اور اگر مطالبات نہ مانے گئے تو اب اصلی جمہوری دھرنا اور لانگ مارچ ہوگا، نوازشریف تین مرتبہ وزیراعظم بنے ہیں اور اگر ہماری 4 چیزیں نہیں مانتے تو انہیں جواب دینا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے عمران خان کو ایک بار پھر چاچا مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چاچا کو دکھانا ہے وہ کھیل میں ہیں یا سیاست میں، اگر وہ سیاستدان ہیں اور اچھی سیاست کریں گے اور ان کی نیت صاف ہو تو ساتھ کام کرسکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ابھی ہماریے اموری تعلقات نہیں بنے لیکن پر امید ہوں اگر مل کر کام کرتے ہیں تو نہ صرف نوازشریف کو نکالوں گا بلکہ شہبازشریف کی بھی یہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب آخری باری ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے چیرمین کا کہنا تھا کہ سوئچ آن ہوتے ہی دہشت گردی شروع ہوجاتی ہے اور بند کرنے سے ختم ہوجاتی ہے، امن و امان کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومت کی مشترکہ ہے۔
اپنی شادی کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مجھے شادی کے لئے کئی پیش کش ہوئی ہیں جوعورت مجھ سے شادی کرنا چاہتی ہے اسے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لیکن میں اسی لڑکی سے شادی کروں گا جسے میری بہنیں پسند کریں گے۔