اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں پاناما لیکس اور آف شور کمپنیوں کی چھان بین کے لیے سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت جاری ہے۔ سپریم کورٹ نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شورکمپنیوں کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔
تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنیوں کے خلاف درخواستیں جمع کرائیں جنہیں سماعت کے لیے منظور کر لیا گیا ۔ حنیف عباسی نے درخواست میں سپریم کور ٹ سے استدعا کی کہ عمران خان اور جہانگیر ترین سے پوچھا جائے کہ کیا انہوں نے آف شور کمپنیوں کی تفصیلات سے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا تھا۔
حنیف عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شورکمپنیوں کا کیس پانا ما لیکس کے ساتھ ہی سنا جائے ۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان اور جہانگیر ترین کو نوٹسز جاری کردیے اور سماعت 15نومبر تک ملتوی کردی ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان نے بے نامی زمین اور شوکت خانم ہسپتال کے دستا ویزات میں بہت گڑ بڑ کی ہے ،اب عمران خان اور جہانگیر ترین تلاشی کے لیے تیا ر ہو جائیں۔