ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو اور اداکار کرن سنگھ گروور کے ہاں آئندہ برس ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو نے طویل معاشقے کے بعد اداکار کرن سنگھ گروور سے رواں سال اپریل میں شادی کرلی تھی جس میں میگا اسٹار امیتابھ بچن ،سلمان خان اور سنجے دت سمیت کئی نامور اداکاروں نے شرکت کی تھی لیکن اب دونوں اداکاروں کی جوڑی کے لیے بڑی خوش خبری آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بپاشا باسو اور کرن سنگھ گروور کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے جس کے بعد آئندہ سال ان کے لیے خوشیوں کی نوید قرار دیا جارہا ہے جب کہ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق اداکارہ 2 ماہ سے گائناکولوجسٹ سے چیک اپ کرارہی ہیں اور اگلے برس کے اوائل میں ہی زچگی ہوگی لیکن اداکاروں کی جوڑی نے اب تک تصدیق نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ بپاشا باسو اور کرن سنگھ گروور نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے جب کہ اداکار کرن سنگھ کی تیسری اور بپاشا باسو کی پہلی شادی ہے۔