اسلام آباد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سلامتی کونسل میں مستقل ارکان کی نہیں غیر مستقل ارکان بڑھانے کی حمایت کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سلامتی کونسل اصلاحات پر خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں غیر مستقل ارکان بڑھانے کی حمایت کرتا ہے، کیونکہ اُس سے سلامتی کونسل مزید موثر اور شفاف ہوگی۔
سلامتی کونسل اصلاحات میں ڈیڈلاک کچھ ملکوں کی وجہ سے ہے۔ ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ پاکستان مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے کے خلاف ہے، کیونکہ ایسا اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہے اور مستقل ارکان بڑھنے پر سلامتی کونسل مزید مفلوج ہوسکتی ہے۔