کراچی (جیوڈیسک) ٹی وی اداکارہ صبا قمر اپنی پہلی بطور ہیروئین فیچر فلم ’’لاہور سے آگے ‘‘کی آج لاہور میں تشہیری مہم مکمل کرنے کے بعد دبئی روانہ ہونگی ۔ ان کے ہمراہ ہدایتکار وجاہت رئوف ، فلمساز شازیہ وجاہت ، اداکار یاسر حسین، عبداللہ فرحت عبداللہ اور اشعر رئوف بھی جا رہے ہیں۔
جہاں وہ تشہیری مہم کا آغاز فلم کے پریمیئر شو سے کرینگے جو 9 نومبر کو منعقد کیا جائیگا جس میں فلم کی کاسٹ کے علاوہ دبئی میں مقیم فنکاروں ، سماجی ، ثقافتی اور فلم ٹریڈ کی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ بعد ازاں فلم کے کراچی و لاہور میں پریمیئر شوز رکھے جائینگے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ مذکورہ فلم کے انٹرنیشنل شوز برطانیہ ، امریکہ و دیگر ممالک میں بھی رکھے جائینگے جس کی تیاریاں فی الحال خفیہ رکھی جا رہی ہیں ۔ ہدایتکار وجاہت رئو ف کا کہنا ہے کہ ملکی فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے بین الاقوامی سطح پر ہمیں اپنی فلموں کے پریمیئر شوز رکھنا ہونگے ۔ دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانی ملکی فلموں کو دیکھنے کے تمنائی نظر آتے رہے ہیں ۔ واضح رہے مذکورہ فلم 11 نومبر کو ریلیز کی جائیگی۔