شیخوپورہ (ڈاکٹر ایم ایچ بابر سے) سیکرٹری انوائرمنٹ پروٹیکشن اور ڈی سی او شیخوپورہ کی ہدایت کے مطابق محکمہ ماحولیات کا شیخوپورہ میں ماحولیاتی اور فضائی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں، گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔
جسکے تحت تحصیل فیروز والہ میں فیٹ میلٹنگ یونٹ ،یوسف فائونڈری اور گجر فائونڈری وغیرہ کو فضا میں آلودگی پھیلانے پر کاروائی کرتے ہوئے سیل کر دیا گیا جبکہ ڈی سی او ارقم طارق نے ضلع شیخوپورہ میں آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں، گاڑیوں اور سڑکوں کے ارد گرد آگ لگانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے اس حوالے سے ضلع بھر میں دفعہ 144کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔
۔محکمہ ہیلتھ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سموگ کے انسانی صحت پر منفی اثرات سے بچاؤ کے لئے گھروں سے نکلتے ہوئے منہ ڈھانپنے کے علاوہ موٹر سائیکل پر سفر کرتے وقت چہرے پر حفاظتی ماسک اور سفید شیشوں والی عینک کا استعمال کریں۔سانس کی بیماری میں مبتلا مریض اپنے پاس ان ہیلر رکھیں جبکہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔