وزیرآباد کی خبریں 9/11/2016

Wazirabad News

Wazirabad News

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) گیپکو کے زیر انتظام یوم اقبال کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر قائمقام چیف ایگزیکٹو جنرل مینجر آپریشن ہارون رشید نے اپنے خطاب کے دوران فلسفہ اقبال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اقبال ایک ہمہ جہت شاعر،عظیم فلسفی اور سچے عاشق رسول تھے۔آج کے پر آشوب حالات سے نمٹنے کیلئے اقبال کے افکار سے رہنمائی کی اشد ضرورت ہے۔قیام پاکستان سے قبل جب مسلمان غلامی کی زندگی گزاررہے تھے تو اُن سے مسلمانوں کی یہ حالت دیکھی نہ جاتی تھی جس پر انہوں نے اس وقت ایک علیحدہ مملکت کا تصور پیش کیا اور اس عظیم مقصد کیلئے قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ ملکر لاکھوں قربانیوں اور مسلسل جد وجہد کے بعد پاکستان کا قیام معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ درحقیقت اقبال قرآن کا شاعر تھا اور اسکی تمام شاعری میں جابجا قرآن ،حدیث اور رسول کریمۖ کی تعلیمات کا عکس نظر آتا ہے ۔اس موقع پر ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن محمد انور سعید کیلوی ،چیف انجینئرز خالد پرویز،غضنفر عباس رضوی، جنید اختر،محمد ریاض،ایڈیشنل ڈی جیز ملک محمد صدیق،اورنگ زیب ملہی،مینجرز محمد ذیشان ستار،چوہدری محمد اکبر ، ڈپٹی مینجرز مینجر (ریٹائرڈ) فرحان نذیر، میاں محمد عرفان، حافظ عمران، طارق محمود، حفیظ الرحمن، حافظ سلیم،عامر محمود ، بوٹا گورائیہ، اظہر یعقوب، محمد جہانگیر راناسمیت دیگر افسران نے بھی علامہ اقبال کی شخصیت ،شاعری اور فلسفہ کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ اقبال ہر دور کا شاعر ہے اور کلام اقبال در حقیقت قرآن کریم کی شرح بیان کرتا ہوا نظر آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسجد کے منبر سے لیکر حکومتی ایوانوں اور خانقاہوں و درباروں سے لیکر رزم وعسکریت تک ہر ہر شعبہ زندگی کا احاطہ اقبال کی شاعری میں موجود ہے۔جسے کبھی وہ مومن ،کبھی شاہین ،کبھی فلسفہ خودی ،کبھی رموز بے خودی اور کبھی شکوہ و جواب شکوہ کی صورت میں بیان کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اقبال انسانیت اسلام اور اُمت مسلمہ کا شاعر تھا یہی وجہ ہے کہ کہ آج کوئی دینی محفل ہو کہ روحانی،سیاسی جلسہ ہوکہ کوئی دوسری تقریب اقبال کے کلام کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔اس موقع پر تقریب کے شرکاء نے علامہ اقبال کے چنیدہ اشعار سنائے جبکہ کلام اقبال مترم بھی پڑھا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی سرویلنس ٹیموں کے چھاپے ، 17 بجلی چور پکڑے گئے، بجلی چوروں کو 17673 یونٹس کی مد میں 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد کے ڈیٹکشن بِل جاری۔ تفصیلات کے مطابق گیپکو میں جاری بجلی چوروں کے خلاف حالیہ گرینڈ آپریشن کے دوران مزید 17 بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں میں فرزند علی، محمد رفیق، عاشر مسیح، آس محمد، ابو القاسم، شاہد، کرامت علی، زاہد علی، سرور عالم، مشتاق، احمد علی، اعجاز احمد، عبدالرزاق، سخاوت، عتیق، امجد اور عرفان کے نام شامل ہیں۔ بجلی چوروں کو 17673 یونٹس کی مد میں 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد کے ڈیٹیکشن بِل جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) اپنے اطراف اور آس پاس کے لوگوں کی خبر رکھنا، انہیں پریشانیوں سے نجات دلانااور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہر انسان کا اولین فریضہ ہے۔ یہی خدمت خلق ہے اور انسانیت کی خدمت سے بڑھ کراور کوئی خدمت نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کااظہارپروفیسر حافظ محمد آصف عثمانی اور دیگر مقررین نے سند س فائونڈیشن کے زیر اہتمام عطیہ خون کے حوالے سے پنجاب کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندس فائونڈیشن لوگوں کی خدمت کے نظریہ سے عطیہ خون کے حوالے سے کام کرکے خدمات کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ خون کا عطیہ دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔خون انسانوں میں تفریق نہیں کرتا ہے لیکن انسان خون میں تفریق کرتا ہے اگر اس تفریق کو مٹادیا جائے تو دنیا میں محبت امن وامان کی مثال قائم کی جاسکتی ہے ویسے تو انسان خدمت خلق کے ذریعے سے اپنی پہچان بنانا ہے اور منفرد مقام حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلیتا ہے یہی انسان خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ اگر خون عطیہ دینے پر آمادہ ہوجائے تو نہ صرف انسانوں کی جان بچائی جاسکتی ہے بلکہ عطیہ خون کی وجہ سے جذباتی رشتہ قائم کرنے میں کار گرثابت ہونگے۔ ا نہوں نے کہا کہ قدرتی طور ایک صحت مند انسان میں پانچ تا چھ لیٹر خون موجود رہتا ہے اس بنا پر اس میں سے چند ملی لیٹر کا خون عطیہ دینے سے جسمانی کمزوری نہیں آئیگی بلکہ عطیہ دیا گیا خون انسان کے جسم میں دوبارہ قدرتی طور پر جمع ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ ہر تین مہینے میں ایک مرتبہ کرنا چاہئے اس سے نئے خون کی پیدوار ا میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ صحت مند ی کی نشانی بھی ہے۔ نوجوان نسل خون کی جانچ کرائے اور اپنے خون کا گروپ یادرکھے۔ کہیں بھی کسی بھی موقع پر ضرورت پڑے تو کسی کی جان بچائی جاسکتی ہے۔سندس فائونڈیشن مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد،حادثات کاشکار ہونے والوںاور ایمرجنسی کی صورت میں انسانی جانوں کو بچانے کیلئے خون کا بروقت بندوبست کرکے معاشرے کیلئے اپنا نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔اس موقعہ پر بیسیوں طالبعلموں نے سندس فائونڈیشن کے اس مشن کا حصہ بنتے ہوئے خون کے عطیات بھی دیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) دارارقم سکول الہ آباد میں سپورٹس گالاکا اہتمام کیا گیا اس موقعہ پر ننھے بچوں نے مختلف کھیلوں میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ریجنل ڈائریکٹر دارارقم سکولز صابر حسین بٹ نے سپورٹس گالا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلوں سے طلبہ میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے اور مقابلہ کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوتا ہے اور ذہنی و جسمانی نشوونما کو فروغ ملتا ہے ۔سپورٹس گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دائریکٹر دارارقم سکولز مرزا محمود فاروق نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھی ضروری ہے۔سپورٹس گالا میں طلباء وطالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا جن میں بوری ریس، چاٹی ریس، ریلے ریس، فرسٹ ریس اوردیگر مقابلے شامل تھے۔سپورٹس گالا کے اختتام پر مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی دیگر طالبات میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔