یورپی یونین کی تعاون کے لیے ایران کو 10 شرائط پیش

 European Union

European Union

ایران (جیوڈیسک) ایران کے نیم سرکاری ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ یورپی یونین نے تہران کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے 10 اہم شرائط عاید کی ہیں۔ ان میں ایک بڑی شرط لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کی سرپرستی ختم کرنا بھی شامل ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مقرب فارسی نیوز ویب پورٹل ’فارس نیوز‘ اور کئی دوسرے اخبارات نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے تہران سرکار کو بتا دیا گیا ہے کہ اس کے جوہری پروگرام پر سمجھوتہ طے پانے کے بعد ایران کو مزید کچھ اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان میں حزب اللہ کی سرپرستی بند کرنا بھی شامل ہے۔

فارس نیوز اور دیگر ذرائع ابلاغ نے یورپی یونین کی شرائط کو ’شرمناک‘ قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کرنے کا مطالبہ بھی داغ دیا ہے۔

فارس نیوز نے اخبار ’’رسالت‘‘ میں چھپنے والی ایک خبر کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین نے ایران پر تعلقات بہتر بنانے کے لیے جو شرایط عاید کی ہیں ان میں خطے میں مزاحمت کی محور’’حزب اللہ‘‘ کی سرپرستی ختم کرنے کی شرط بھی شامل ہے۔