خیبر پختونخوا (جیوڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور وزیر اعلی پرویز خٹک سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے حب میں شاہ نورانی کے مزار پر دھماکے کی مذمت کی ہے اور دھماکے سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کا مذمتی بیان میں کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ہیں۔ پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بھی واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ معصوم انسانیت کا قتل غیر انسانی فعل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدت پسند عناصر کا بے گناہ انسانیت کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور افسوسناک عمل ہے۔
اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ بے گناہوں کا خون بہانے والوں کا مقصد دہشت اور وحشت کی فضاء پھیلانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے لیے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔
وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم متحد ہے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں۔