جھنگ کی خبریں 13/11/2016

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) تمام اہلکاروں کواپنی ڈیوٹی میں بہتری لانی چاہیے اور مسافروں کی عزت و مال کا خیال رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار عون حیدر پٹرولنگ پولیس چوکی انچارج کھیوہ نے ایک پریس ریلیز میں کیا انہوں نے کہا کہ ہم عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کے لئے تعینات کئے گئے ہیں اور ہم عوام کے ٹیکسوں سے جمع شدہ رقم سے اپنی تنخواہ و غیرہ وصول کرتے ہیں اس لئے عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہمارا اخلاقی و قومی فریضہ ہے۔اس کے لئے عوام کے تعاون اور تجاویز کی بھی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) حکمران عزت ووقار چاہتے ہیں تو واشنگٹن کی بجائے مکہ مکرمہ کو قبلہ بنائیں۔ صدر بدلنے سے امریکہ کی پالیسیاں نہیں بدلتیں۔ ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی ضلع جھنگ بہادر خان جھگڑ نے ایک پریس ریلیز میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ کہ حکمران عزت ووقار چاہتے ہیں تو واشنگٹن کی بجائے مکہ مکرمہ کو قبلہ بنائیں۔ صدر بدلنے سے امریکہ کی پالیسیاں نہیں بدلتیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ذہنی غلام ہیلری کی ہار اور ٹرمپ کی جیت پر آنسو بہار ہے ہیں حالانکہ امریکہ کی مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کرنے اور ان پر جنگ مسلط کرنے کی پالیسی نئی نہیں، کوئی بھی صدر ہو امریکی پالیسیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہتی ہیں۔امریکہ ہمیشہ اپنے مفادات کی عینک سے دنیا کو دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی نئی قیادت کو بدلے ہوئے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پالیسیوں کو حقیقت پسندانہ بنانا چاہئے اور مسلم ممالک کے خلاف بقائے باہمی کے اصولوں پر سمجھوتہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہل اسلام کسی قوم کے خلاف نہیں لیکن جارحیت اور ناانصافی کو کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے باہمی اتحاد اور اعتماد کوفروغ دینا ہوگا۔ جب تک ہم امریکہ و دیگر ممالک کی طرف دیکھتے رہیں گے کبھی ترقی نہیں کرسکیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) انتہا پسند ٹرمپ کے امریکی صدر بننے سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منشا جھنگوی ضلعی رہنما دفاع پاکستان کونسل جھنگ و جماعة الدعوة جھنگ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ جیسے انتہا پسند کے امریکہ کا صدر بننے سے دنیا کا امن وامان مزید خراب ہوجائے گا۔ بیت اللہ اور مسجد نبوی ۖکے خلاف سازشیں دن بدن بڑھتی جارہی ہیں جس کیلئے مسلم ممالک کو باہم متحد ہوناپڑے گا۔ ۔انہوں نے کہا کہ طاغوتی طاقتیں مسلم دنیا کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرکے اپنی دہشت گردی کے راستے ہموار کررہی ہیں۔ اسلام ظلم وجبر نہیں بلکہ امن وسلامتی کا مذہب ہے۔ دہشت گردی اور تخریب کاری کی آگ غیرمسلم قوتیں خود بھڑکا رہی ہیں جبکہ الزامات مسلمانوں پر لگائے جاتے ہیں۔ اس موقع پر ضلعی سیکرٹری اطلاعات ونشریات صبغت اللہ چوہان نے کہا کہ اسلام امن وسلامتی کا مذہب ہے اور دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ صرف اسلامی تعلیمات پر عمل پیر ا ہو کر ہی ممکن ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (تحصیل رپورٹر) کالج آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز جھنگ میں ہونے والا پہلا نیشنل ڈی وی ایم کوئز مقابلہ پیر مہر علی شاہ ایریڈایگریکلچرل یونیورسٹی راولپنڈی نے جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق کالج آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز جھنگ میں پہلے نیشنل ڈی وی ایم کوئز پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ویٹرنری ایجوکیشن سے وابستہ یونیورسٹیوں کے طالب علموں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکرنا تھا اور ایک علمی اور خوبصورت مقابلہ کی فضا پیداکرنا تھا ۔مقابلہ میں ملک بھر سے چھ یونیورسٹیوں نے حصہ لیا ۔پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچرل یونیورسٹی راولپنڈی نے اول،کالج آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز جھنگ نے دوم جبکہ ایگریکلچرل یونیورسٹی پشاور نے سوم پوزیشن حاصل کی ۔تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس رانا تھے۔مقابلہ میں جیتنے والی ٹیموں میں شیلڈز دی گئیں۔اس کے علاوہ فارماسوٹیکل سے وابستہ مذوبین کے کردار کو سراہتے ہوئے ان میں بھی شیلڈ تقسیم کی گئیں ۔مقابلے کے منتظمین کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس رانا، پروفیسر ڈاکٹر فیاض قمر اور ڈاکٹر سید عون محمد شاہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مقابلے طالب علموں کو تفریحی انداز میں پڑھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی تفریحی اور علمی سرگرمیوں کا انعقاد کروایا جائے گا تاکہ طالب علموں میں خود اعتمادی پیدا ہو۔