ہوبارٹ (جیوڈیسک) ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔
آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 161 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ اور سٹیون سمتھ نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔
آسٹریلیا کے بیٹسمین جنوبی افریقہ کے بالروں کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
میزبان ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ نے دوسری اننگز میں نو چوکوں کی مدد سے 64 اور ڈیوڈ وارنر نے چار چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے چھ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے میں پہنچنے میں ناکام رہا۔ مہمان ٹیم کی جانب سے کائل ایبٹ نے دوسری اننگز میں چھ اور ربادا نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے سکور 85 کے جواب میں 240 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی کاک 106 اور باوما 74 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے کائل ایبٹ کو میچ کا بتہرین کھلاڑی قرار دیا گیا۔