طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر انسان کی بینائی کبھی کبھار دھندلا جائے تو اس سے دل کی شریانوں کی بیماری کی علامت ظاہر ہوتی ہے ۔ یہ بات یونان میں ہونیوالی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
تحقیق میں ایک 77 سالہ شخص کے کیس کا ذکر ہے جسے دائیں آنکھ میں کئی بار دھندلے پن کا سامنا ہوا جس کا دورانیہ 5 منٹ سے بڑھ کر ایک گھنٹے تک جا پہنچا۔
اس شخص کے معائنے سے معلوم ہوا کہ شریان میں خون کی رکاوٹ پیدا ہونے سے اس کی آنکھوں تک سپلائی رکی جس سے یہ مسئلہ پیدا ہوا ۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ اس طرح کی رکاوٹ عام طور پر کولیسٹرول اور خون کے خلیات کے جمع ہونے سے پیدا ہوتی ہے جو سر اور گردن تک خون پہنچانے والی شریان کو متاثر کرتی ہے۔
بظاہر تو یہ رکاوٹ بہت معمولی ہوتی ہے مگر اس کے نتیجے میں سنگین طبی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے کیونکہ ، اس سے بینائی کے خاتمے یا جان لیوا فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ آنکھوں کی خراب علامات خون کی شریانوں کے مسائل کیلئے بھی انتباہی علامات ہوسکتی ہیں ۔ مگر یہ ان لوگوں کے لیے خطرے کی علامت ہوتی ہیں جنہیں پہلے کبھی نظر کی کمزوری یا دیگر مسائل کا سامنا نا ہوا ہو۔
محققین کے مطابق آنکھوں کے معائنے سے ڈاکٹر شریانوں کے نظام کو دیکھ سکتے ہیں کیونکہ ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ شریانوں کے مسائل کا اظہار آنکھوں سے نا ہو۔