اگر آپ اکثر رات کو سوتے ہوئے اچانک اٹھ جاتے ہیں تو یہ ایک سنگین مرض کی علامت ہوسکتی ہے۔ یہ انتباہ امریکہ میں ہونیوالی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی اور مشی گن یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق کے مطابق رات کو اچانک آنکھ کھلنے اور پھر سونے میں ناکامی دل کے امراض کا خطرہ بڑھاتی ہے ۔ اس تحقیق کے دوران ایک کروڑ سے زائد مریضوں کا جائزہ لیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ اکثر رات کو جاگتے ہیں ان میں دل کے امراض کا خطرہ 26 فیصد تک زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے افراد میں دل کی دھڑکن کی رفتار تبدیل ہوسکتی ہے جسے واضح علامات کے بغیر عارضہ قلب بھی کہا جاتا ہے اور اس سے فالج اور دل کی حرکت تھم جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ تحقیق کے مطابق جو لوگ بے خوابی کا شکار ہوتے ہیں یا رات کو ان سے سویا نہیں جاتا ان میں اس مرض کا امکان 29 فیصد زیادہ ہوتا ہے ۔ محققین کے خیال میں نیند متاثر ہونا دل کے چیمبرز پر اضافی دبائو کے باعث بنتا ہے۔
یہ بات پہلے ہی سامنے آچکی ہے کہ نیند میٹابولزم اور جسم میں ہارمونز کے توازن کے حوالے سے بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ہارمونز کولیسٹرول ، انسولین ، بلڈ پریشر اور ورم وغیرہ پر اثرانداز ہوتے ہیں ۔ تحقیق کے مطابق نیند کے معمولات میں خرابی کے نتیجے میں دماغ کا وہ حصہ متاثر ہوتا ہے جو دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے ۔ محققین کا کہنا تھا نیند خراب ہونا دل کے امراض کا امکان بڑھاتا ہے۔