کراچی (جیوڈیسک) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم لندن ہو یا ایم کیو ایم پاکستان، ملکی سالمیت کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی،مدرسہ ہویا یونی ورسٹی، دہشت گردی جہاں کہیں ہو گی کارروائی کریں گے۔
شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کارروائی ہورہی ہے اور ملزمان پکڑے جارہے ہیں،فورتھ شیڈول پر کام جاری ہے،کچھ مدارس کی منفی سرگرمیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔
اے ڈی خواجہ نے یہ بھی کہا کہ مدارس کی بہت بڑی تعداد بچوں کو قرآن اور دیگر تعلیم دینے کی خدمت کررہی ہے،سارے مدرسوں کو دہشت گردی کے نیٹ ورک میں نہ لایا جائے۔